خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کا صوبے میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ
1 min read

خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کا صوبے میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ

خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے صوبے میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو اگلے 4 مہینوں میں سروس عملاً شروع کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت محکمہ صحت کے اجلاس میں صوبے کے گنجان آباد علاقوں کے لیے موٹر بائیک رسپانس یونٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے،

یہ یونٹ گنجان آباد مقامات میں ہنگامی صورتحال میں بروقت ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لیے فرسٹ ایڈ سروس کے طور پر کام کرے گا، یہ یونٹس ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لئے درکار جدید آلات اور ضروری ادویات سے لیس ہوں گے۔اجلاس میں پشاور کے علاقہ حیات آباد کو ہیلتھ کیئر سٹی ڈیکلیئر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا یے، ہیلتھ سٹی کا مقصد ملکی اور غیر ملکی مریضوں کو علاج معالجے کی تمام تر جدید سہولیات ایک ہی جگہ پر فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ سروس ڈیلیوری کی مانیٹرنگ اور بہتری کے لیے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں صوبے کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں بزرگ شہریوں کے لیے ایگزیکٹو ہیلتھ چیک اپ پروگرام بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پروگرام کے تحت 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کا ہر 3 ماہ میں مفت چیک اپ کیا جائے گا،

اس مقصد کے لیے صوبے کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں الگ ڈیسک اور عملہ مختص کیا جائے گا،ان فری چیک اپس میں لیب ٹیسٹ، سٹی سکین، ایم آر آئی، ایکسرے، ایکو اور ای سی جی وغیرہ شامل ہیں۔صوبے میں پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مستحکم بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت میں الٹراساونڈ، آپریشن تھیٹر اور گائنی سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں،

ان مراکز صحت میں ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر پیرامیڈیکل اسٹاف کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے، تمام ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کو اپگریڈ کرکے انہیں صحت کارڈ کے پینل میں شامل کیا جائے، صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہونے چاہئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے