دوسرا ٹیسٹ، قومی ٹیم 174 رنز پر ہی آؤٹ

انگلینڈ کیخلاف دو میچز پر مشتمل سیریز میں ایک صرف کی برتری حاصل کرنے والی قومی ٹیم دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں 174 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئی۔
ہیڈ نگلے میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام دکھائی دی اور پوری ٹیم 174 رنز پر آؤٹ ہوگئی جبکہ اس کے جواب میں پہلے دن کے اختتام تک انگلینڈ نے 2 وکٹ کے نقصان پر 106 رنز بنالیے ہیں۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور یک بعد دیگرے پاکستان کے بلے باز پویلین لوٹتے رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہرعلی اور امام الحق نے کیا لیکن امام الحق کھاتہ کھولے بغیر ہی رخصت ہوگئے اور اظہر علی بھی 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
حارث سہیل اور اسدشفیق نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن وہ بھی بالترتیب 28 اور 27 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان سرفراز احمد صرف 14 رنز ہی بنا سکے۔
79 رنز کے مجموعی سکور پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے جس کے بعد ٹیم کے لیے 100 رنز بھی بنانا مشکل دکھائی دے رہا تھا تاہم شاداب خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی جب کہ حسن علی نے بھی 24 رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
شاداب خان 56 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
ٹیم مینجمنٹ نے تمام تر امیدیں، لارڈز ٹیسٹ میں ان فٹ ہونے والے بیٹسمین بابر اعظم کی جگہ ڈیبیو کرنے والے عثمان صلاح الدین سے باندھ لیں تھیں لیکن وہ صرف 4 رنز پر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔
فہیم اشرف کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عامر نے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈریسن، اسٹورٹ براڈ اور کرس ووکس نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں الیسٹر کک اور کیٹن جیننگز نے اننگز کا آغاز کیا تو فہیم اشرف نے جیننگز کو 29 رنز پر پویلین بھیجا جب کہ الیسٹر کک 46 رنز پر حسن علی کا شکار بنے۔
دن کے اختتام پر کپتان ڈومینک بیس صفر اور جوئے روٹ 29 رنز کیساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے شکست دی تھی

Facebook Comments

POST A COMMENT.